سکھر:جیالوں کا مئیر سکھر کیخلاف احتجاج ،تلخ کلامی

207

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں پیپلز پارٹی کے جیالوں کا میئر سکھرکیخلاف احتجاجی مظاہرہ، نعرے بازی، احتجاج کے دوران میئر کے حامی جیالوں کی مظاہرین کے ساتھ تلخ کلامی، دھکے، الزام تراشیاں، ہاتھا پائی، پریس کلب کے باہر میدان جنگ بن گیا، مظاہرین کی جانب سے میئر کیخلاف شہر کے ہر علاقے میں احتجاج کرنے کا اعلانا پاکستان پیپلز پارٹی سٹی ورکرز کی جانب سے سکھر پریس کلب کے سامنے میئر ارسلان اسلام شیخ کی تصویریں اٹھا کر ان کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی وہ ابھی احتجاج کررہے تھے کہ اچانک وہاں پر میئر کے حامی جیالے پہنچ گئے اور انہوں نے مظاہرین کو احتجاج کرنے سے روکا تو اس پر میئر کے حامیوں اور مخالف جیالوں میں تلخ کلامی ہوگئی، حامیوں اور مخالفین نے ایک دوسرے پر الزام تراشیاں شروع کردیں، جیالوں نے ایک دوسرے کو دھکے دیے اور ہاتھا پائی تک کی تاہم لوگوں نے درمیان میں پڑ کر ان کے جھگڑے کو مزید بڑھنے سے روک لیا۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ سکھر کے میئر ارسلان اسلام شیخ شہریوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں، انہیں شہریوں کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور اسے ہمارا اپنے خلاف احتجاج بھی قبول نہیں ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ میئر کیخلاف شہرکے ہر علاقے میں احتجاج کریں گے۔ انہوں نے پی پی چیئرمین بلاول زرداری سے مطالبہ کیا کہ وہ سکھر کے شہریوں پر رحم کھائیں اور میئر سکھر کو ہٹا کر سکھر کے شہریوں کے مسائل حل کیے جائیں۔