سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں ضلعی انتظامیہ کا فلور مل پر چھاپا، ذخیرہ کی گئی آٹے اور گندم کی ہزاروں بوریاں برآمد، فلور مل کو سیل کردیا گیا، کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ سکھر کی ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھرپور انداز میں کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے اور ان کی ملوں اور گوداموں پر اس حوالے سے چھاپے مارے جارہے ہیں، سکھر کی ضلعی انتظامیہ نے ایک حساس ادارے کی اطلاع پر سکھر شکارپور روڈ پر واقعہ جونیجو فلور مل پر اچانک چھاپا مارا اور وہاں پر ذخیرہ کی گئی آٹے اور گندم کی ہزاروں بوریاں اور بیگز برآمد کرلیے اور فلور مل کو سیل کردیا ہے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق چھاپے کے دوران فلور مل سے گندم کی بھری سو کلو والی 38 250 بوریاں، 40 کلو آٹے کے 326 بیگز برآمد کیے گئے ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں 10 کلو والے آٹے کے ہزاروں بیگز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ مل مالکان کیخلاف ذخیرہ اندوزی کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔