ماتلی (نمائندہ جسارت) پاکستان راہ حق پارٹی کے زیر اہتمام تعلقہ ہیڈ کوارٹر ماتلی میں یوم صدیق اکبرؓ پر کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا شہر کے مرکزی راستوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچے۔ ریلی سے مولانا محمد اکرم تالپور، قاری عارف معاویہ، مولانا عبدالقدیر اور مولانا عمر فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کوئٹہ میں صحابہؓ کی شان میں نکالے جانے والے جلوس میں دہشت گردی کی کھلے الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان مخالف عناصر کی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن کے داعی ہیں، ہم ان عناصر کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں مگر ہم حکومت پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ وطن عزیز کا امن و امان تباہ کرنے والے عناصر کا قلع قمع کس طرح کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے بے گنا افراد کے ورثا کو نہ بھولے اور زخمیوں کے مکمل اور بہترین علاج کی مفت سہولت کو یقینی بنائے۔