اسلام آباد (اے پی پی) احتساب عدالت نے ایل این جی اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ(ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 مارچ تک توسیع کردی جبکہ مذکورہ کیس میں مفرور ملزم شاہد مظفرالاسلام کو ٹرائل سے الگ کرنے سے متعلق نیب کی استدعا منظور کر لی۔ گزشتہ روز شاہد خاقان عباسی کو جو ڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر اڈیالہ جیل سے عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ دیگر شریک ملزمان کی بھی حاضری لگائی گئی۔ سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیے کہ اس کیس میں مفرور ملزم شاہد مظفرالاسلام کے شناختی کارڈ والے پتے پر وارنٹس بھیجے تھے لیکن وہ وہاں نہیں ملے، کچھ پتا نہیں ملزم کہاں ہے، وارنٹس کی تعمیل سے متعلق حتمی رپورٹ آئندہ سماعت پر دے سکتے ہیں، حتمی رپورٹ آجانے کے بعد اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے، عدالت چاہے تو شاہد مظفر الاسلام کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر کے انہیں ٹرائل سے الگ کر دے۔ عدالت نے مفرورملزم شاہد مظفرالاسلام کا ٹرائل الگ کرنے کی نیب کی استدعا قبول کرلی۔