لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے وارث ڈنو ماچھی تھانے میں کھلی کچہری میں شرکت کی جہاں علاقہ مکینوں نے ان پر پھول نچھاور کرکے استقبال کیا۔ کھلی کچہری میں سیاسی اور سماجی رہنماؤں سمیت تمام مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی جبکہ علاقہ مکینوں نے ایس ایس پی کو سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحائف سمیت گلدستے پیش کیے۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد انصاف اور سہولیات شہریوں کے دہلیز پر پہنچانا ہے۔ کھلی کچہری کے دوران درخوست گزاروں کے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے اور تھانہ وارث ڈنو ماچھی کیلیے مزید نفری دینے کے بروقت احکامات جاری کیے۔