لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام گزشتہ روز ایس ایس پی آفس قنبر شہدادکوٹ پہنچے، جہاں ایڈیشنل آئی جی سکھر رینج ڈاکٹر جمیل احمد، ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان علی بلوچ اور ایس ایس پی قنبر شہدادکوٹ کامران نواز پنجوتھہ نے ان کا استقبال کیا۔ آئی جی نے یادگار شہدائے پر پھول چڑھائے اور دعا کی۔ اس موقعہ پر ایس ایس پی قنبر شہدادکوٹ نے آئی جی کو ضلع قنبر شہدادکوٹ کے امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ ایس ایس آفس کے میٹنگ حال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی سندھ نے ضلع قنبر شہدادکوٹ کے پولیس افسران، معززین اور صحافیوں سے تعریفی میٹنگ کی اور ضلع قنبر شہدادکوٹ کے امن و امان کے حوالے سے معلومات لیتے ہوئے مسائل دریافت کیے۔ ایڈیشنل آئی جی سکھر ریجن ڈاکٹر جمیل احمد، ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان علی بلوچ اور ایس ایس پی قنبر شہدادکوٹ کامران نواز پنجوتھہ نے آئی جی سندھ سید کلیم امام کو شیلڈز کے تحفے پیش کیے۔ اس کے بعد آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے ڈی آئی جی آفس لاڑکانہ کا دورہ کیا اور امن وامان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی جس میں ایڈیشنل آئی جی سکھر ڈاکٹر جمیل احمد، ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان علی بلوچ اور رینج کے ایس ایس پیز نے شرکت کی۔ آئی جی سندھ نے بہترین کارکردگی پر پولیس افسران اور اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیے جبکہ عوام کی سہولت کے لیے دی ہوئی فیسلیٹیشن بس سروس کا بھی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران فیسیلیٹیشن سینٹر کے انچارج سب انسپکٹر غلام بتول نے فیسلیٹیشن سینٹر کی کارکردگی رپورٹ پیش بھی پیش کی۔