سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں شادی ہال گرانے کا حکم امتناع دینے سے انکار کردیا

449

سندھ ہائی کورٹ نے نارتھ ناظم آباد کے شادی ہال گرانے پر حکم امتناع جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنکھیں بند کر کے حکم امتناع نہیں دے سکتے، قانونی حیثیت کے دستاویز آنے کے بعد ہی کیس سنیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق کیس سماعت ہوئی جس میں عدالت نے نارتھ ناظم آباد کے شادی ہال گرانے پر حکم امتناع جاری کرنے سے انکار کردیا۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس حسن اظہررضوی نے کہا کہ آنکھیں بند کر کے حکم امتناع نہیں دے سکتے، پہلے دستاویزات لائیں کہ شادی ہال قانونی حیثیت رکھتاہے۔ جس پر نہال ہاشمی ایڈووکیٹ نے کہا کہ شادی ہال کے قانونی دستاویزات موجود ہیں۔

جسٹس حسن اظہررضوی نے کہا کہ جن قانونی دستاویز کا ذکر آپ کررہے ہیں پہلے وہ لائیں پھر دیکھیں گے۔ جس پر وکیل نے کہا کہ عدالت شادی ہال گرانے سے روک دے، دستاویز پیش کر دیں گے۔

عدالت نے اپنے ریماکس میں کہا کہ شادی ہال کی قانونی حیثیت کے دستاویز آنے کے بعد کیس سنیں گے۔