دادو، شہید فوجی کے وراثتی پلاٹ پر مسلح افراد کا قبضہ

91

دادو (نمائندہ جسارت) شہید فوجی غلام مرتضیٰ کے معذور باپ کے پلاٹ پر مسلح افراد کا قبضہ، ہراساں اور زدو وکوب کر کے گائوں چھوڑنے کی دھمکیاں، دادو کے نزدیک پولیس اسٹیشن مخدوم بلاول کی حدود کے گائوں کریم ڈنو کابورو میں شہید فوجی غلام مرتضیٰ کے معذور والد غلام مصطفی کابورو کے پلاٹ پر مسلح افراد نے قبضہ کرلیا ہے۔ اس اثنا میں دادو پریس کلب کی میڈیا ٹیم تفصیلات جاننے کے لیے گائوں کریم ڈنو کابورو پہنچی۔ اس موقع پر غلام مصطفی نے بتایا کہ شرپسند شخص عبدالستار ولد میوو کابورو نے اس کے پلاٹ پر اسلحہ کے زور پر قبضہ کر رکھا ہے، اور ہمیں جانی اور مالی نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دے رہا ہے، کہ ہم گائوں چھوڑ کر جائیں، تاکہ وہ ہمارے گھر اور زمین پر قبضہ کرلے۔ انہوں نے بتایا کہ میرے پلاٹ کی سند بھی میرے پاس ہے، پلاٹ کا کچھ حصہ خالی پڑا ہے، جس میں کئی برسوں سے ہمارے گھروں اور ہماری زمین کی نکاسی کا پانی جاتا رہتا ہے، مگر اب اس پلاٹ پر شرپسند شخص نے 14 جنوری 2020ء کو اسلحہ کے زور پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ پلاٹ کا کچھ حصہ سرکاری بھی ہے، مگر اس پر بھی ہمارا حق بنتا ہے کیونکہ پلاٹ کے متصل ہمارے گھر اور ہماری زمین ہے، قبضہ گیر کا وہاں کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست کی ایک کاپی ڈی سی دادو اور ایک کاپی ایس ایس پی دادو کو بھیجی تھی، لیکن پولیس نے قبضہ چھڑوانے اور ہمیں تحفظ فراہم کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔ مخدوم بلاول تھانے کی پولیس خانہ پوری کے لیے آئی اور صرف میرا بیان لے کر چلی گئی۔ انہوں نے آرمی چیف، کور کمانڈر سندھ، ڈی جی سندھ رینجرز، وزیر اعلی سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدر آباد، ایس ایس پی دادو، ڈی سی دادو، اسسٹنٹ کمشنر دادو، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دادو کے ایم این اے اور ایم پی اے سے اپیل کی ہے کہ ان کے پلاٹ سے قبضہ ختم کراکر انہیں جانی اور مالی تحفظ فراہم کیا جائے۔