لاڑکانہ ،سرکاری اسکول کو پلاٹ کے بد لے نوکری دینے کا جھانسہ

201

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے قریب گاؤں نواب خان لہر کے مکین نواب لہر نے سرکاری اسکول کو پلاٹ دینے کے بدلے سرکاری ملازمت نہ ملنے کے خلاف بچوں کے ساتھ اسکول کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال قبل میں نے گورنمنٹ پرائمری اسکول نواب خان لہر کی عمارت کے لیے پلاٹ دیا تھا جس کے بدلے محکمہ تعلیم کے افسران نے مجھے ملازمت دینے کی یقین دہانی کروائی تاہم اب تک مجھے نوکری نہیں دی گئی جس کے باعث مجھ سمیت میرے گھر والے فاقہ کشی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسکول کی عمارت بننے سے قبل اسی پلاٹ پر مختلف فصلیں کاشت کرکے بچوں کا پیٹ پالتا تھا لیکن اب کوئی بھی ذریعہ معاش نہیں جبکہ اسکول میں چوکیدار کی پوسٹ خالی ہے چوکیدار نہ ہونے کی وجہ سے متعدد بار اسکول سے چوری ہوئی لیکن اس کے باوجود مجھے بطور چوکیدار بھرتی نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ، محکمہ تعلیم کے صوبائی وزیر و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ مجھے محکمہ تعلیم میں ملازمت دے کر انصاف فراہم کیا جائے۔