سکھر سول اسپتال کے سرکاری گودام سے لاکھوں روپے کی ادویات چوری

101

سکھر( نمائندہ جسارت) سکھر سول اسپتال کے سرکاری گودام سے لاکھوں روپے کی ادویات چوری، اسٹور کیپر فاروق کھوسو اور اسٹاک انچارج طفیل شیخ سمیت 6 ملازمین کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی، تھانہ سی سیکشن پر 14/2020 کے مطابق ایم ایس ڈاکٹر تسلیم اختر خمیسانی کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اینٹی بائیوٹک کیپسول ادویات سمیت ساڑھے سات لاکھ روپے کی ادویات چوری کی گئی، ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا کہ دو دن چھٹی پر گیا تو پیچھے مذکورہ ملازمین نے خورد برد کرکے ادویات چوری کی،ڈسپنسر الطاف کھوسو، عبدالرئوف غوری، وارڈ سرونٹ رشید احمد اور عثمان قریشی بھی ایف آئی آر میں نامزد کیے گئے ہیں، تاہم ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی، اسپتال ذرائع کے مطابق کچھ روز قبل کراچی سے ادویات خرید کر گودام میں اسٹاک کی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان ادویات واپس کرکے معاملے کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔