ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن وسطی کے محکمہ تعلیم میں طلبہ سے پیسے بٹورنے کا سلسلہ جاری

923

کراچی:ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن وسطی کے محکمہ تعلیم میں طلبہ سےمختلف امور پر پیسے بٹورنے کا سلسلہ تھم نہ سکا۔

تفصیلات کے مطابق گلبرگ زون کے خاتون پاکستان انگلش میڈیم سکینڈری اسکول میں الوداعی پارٹی کے نام پر ہزاروں روپے طلب کرلئے گئیں۔ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن وسطی کے محکمہ تعلیم میں اعلی افسران کے گھوسٹ اساتذہ ،ٹائم اسکیل اور دیگر معاملات پر پیسے طلب کرنے کے بعد اسکولوں میں طلبہ وطالبات سے مختلف امور پر پیسے بٹورنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گلبرگ زون کے خاتون پاکستان انگلش میڈیم سکینڈری اسکول میں میٹرک کلاس کی الوداعی پارٹی کے نام پر اسکول سربراہ کی جانب سے طلبہ سے فی کس1ہزار رپے طلب کئے گئے تھے،اور اس رقم کی وصولی کی ذمہ داری کلاس ٹیچر کی لگائی گئی تھی۔جس میں اکثر طلبہ کی جانب سے مطلوبہ رقم جمع کروادی ہے۔

ذرائع کے مطابق خاتون پاکستان انگلش میڈیم سکینڈری اسکول میں نویں 32اور دسویں 32طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں۔ذرائع کا مذید کہنا تھا کہ رقم جمع کروانے ولے طلبہ وطالبات کی جانب سے الوداعی کی حتمی تاریخ کے حوالے سے اسکول انتظامیہ سے سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ الوداعی پارٹی اگر ہو گئی تو ٹھیک اگر نہیں ہوئی تو آپ لوگ پریشان نہ ہونا کیونکہ آپ لوگ نے ویسے بھی ہمیں تحائف تو دینے تھے تو یہی سمجھ لیں کہ آپ لوگوں نے ہمیں تحائف دے دئیے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی گلبرگ زون کے آغاخان اسکول میں پرنسپل اور اساتذہ کی جانب سے امتحانات کے انعقاد کے لئے 100روپے فی طالبعلم طلب کئے تھے جس کی اطلاع ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن وسطی ریحان ہاشمی کو کی گئی تو انہوں نے پہلی دفعہ محکمہ تعلیم میں اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پرنسپل سمیت 12اساتذہ کا تبادلہ لیاقت آباد اور نارتھ کراچی زون میں کردیا تھا۔اس ضمن میں ڈائریکٹر ایجوکیشن وسطی محمد اسلم خان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے میرے علم میں نہیں ہے۔میں معلومات کر کے کوئی جواب دے سکتا ہوں۔ایک اور سوال پر ان کا کہناتھا کہ اگر یہ معاملہ ہوا ہے تو غلط کیا گیاہے۔ہم اس پر کاروائی کریں گے۔