لاڑکانہ، صوبائی وزیر صحت کا دورہ، صفائی کے ناقص انتظامات پر اظہار برہمی

115

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو لاڑکانہ پہنچیں جہاں انہوں نے ڈبلیو ایچ او ہیڈ ڈاکٹر پلیتھا مہیپالہ اور کنٹری ہیڈ پاکستان سارا سلمان، کمشنر لاڑکانہ ڈویژن محمد سلیم رضا کھوڑو و دیگر کے ہمراہ شیخ زید وومن اسپتال کا دورہ کیا جبکہ وزیر صحت کی آمد پر پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کا 11 ماہ کی تنخواہیں نا ملنے پر احتجاجی مظاہرہ، وزیر صحت کا جامعہ بے نظیر بھٹو کی وائس چانسلر کو تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایات۔ بعد ازاں وزیر صحت نے شیخ زید وومن اسپتال کے لیبر روم ون اینڈ ٹو کا افتتاح کیا۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر نے میئر خیر محمد شیخ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر سے آرہی ہوں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے، آپ میرے ساتھ چلیں شہر کا دورہ کرواؤں، میئر صاحب بہتر صحت کے لیے صفائی کتنی ضروری ہے؟ میں شہر کی حالت دیکھ چکی ہوں، آپ بہتر کام پر توجہ دیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ ادویات فراہم کر رہے ہیں، سینٹرل پروکیورمینٹ کے تحت طبی آلات اور ساز و سامان کی لسٹ تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تربیت یافتہ ہیومن ریسورس نہیں مل رہا، فلاحی ادارے لاڑکانہ کے سرکاری اسپتال کا وزٹ کر کے شہرت حاصل کرنے آئے تھے، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ او مشن ہیڈ ڈاکٹر پلیتھا کا کہنا تھا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے لاڑکانہ کے سرکاری اسپتالوں کی طبی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے بہتر اقدامات کیے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او اب تک لاڑکانہ کے سرکاری اسپتالوں کے مختلف شعبہ جات میں 5 لاکھ ڈالرز کے اخراجات سے کام کروا چکا ہے۔ مختلف پراجیکٹس کے تحت وومن اسپتال میں انفیکشن پریوینشن کنٹرول لیبر روم تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وومن اسپتال میں ہی ارلی اسینشل نیو بارن کیئر سینٹر بھی فعال کردیا گیا ہے۔ جلد لاڑکانہ، رتوڈیرو، نوڈیرو، باقرانی اور ڈوکری اسپتالوں میں زہریلا طبی فضلہ تلف کرنے کے لیے انسرییٹر مشین فراہم کی جائیں گی۔