دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی بیخ کنی کیلیے کوشاں ہیں،اسد قیصر

127

اسلام آباد (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایف اے ٹی ایف کے فورم اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیر ی عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہالینڈ کو پاکستان کے ساتھ تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں موجودہ حکومت نے سخت مالی ضابطوں کے نفاذ کے ذریعے دہشت گردوں کی مالی معاونت کی فراہمی منقطع کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہالینڈ کے سفیر ولیئم واؤٹر پالمپ سے گفتگو کر تے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ اسپیکر نے کہا کہ ہالینڈ نے ہمیشہ سے انسانی حقوق اور شخصی آزادیوں کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہالینڈ کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالنے کے لیے کردار ادا کرنے ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی پر عالمی برادری کی خاموشی ناقابل فہم ہے۔ ا سپیکر نے کہا کہ 72 سال گزرنے کے باوجود کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے میں کوئی کمی نہیں آئی۔ ایف اے ٹی ایف کے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے نیدرلینڈز کو کردار ادا کرنے کے لیے کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور اس کے مالی معاونین کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے کوشاں ہے اوراس مقصد کے حصول کے لیے قانون سازی کے ذریعے متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اسپیکر نے دونوں ممالک کی پارلیمانی کمیٹیوں کے مابین روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ہالینڈ کے سفیر مسٹر ولیئم واؤٹر پلمپ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر علاقائی امن کے لیے ایک فلیش پوائنٹ کی حیثیت رکھتا ہے اور اس مسئلہ کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک دہشت گردی کی مالی معاونت کے خاتمہ کے لیے سخت اقدامات کرنے پر حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہالینڈ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے پاکستان کی بھرپور مدد کرے گا۔