بیک وقت 2 پارٹیوں کی نمائندگی، زرداری و بلاول کیخلاف درخواست بحال

76

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بیک وقت پاکستان پیپلز پارٹی اور پیپلزپارٹی پارلیمینٹرینز کی نمائندگی کرنے کا معاملہ، عدالت نے اقبال کاظمی کی درخواست سماعت کیلیے دوبارہ بحال کر دی۔ سندھ ہائیکورٹ میں پی پی چیئرمین بلاول اور آصف زرداری کی اسمبلی کی رکنیت کالعدم قرار دینے کی درخواست کی سماعت کے موقع پر عدالت نے الیکشن کمیشن، پیپلز پارٹی قیادت و دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عدالت نے بیماری کے باعث پیش نہ ہونے پر درخواست مسترد کردی تھی، عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست سماعت کے لیے بحال کی جائے، درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ آصف زرداری اور بلاول ایک وقت میں 2 پارٹیوں کی نمائندگی کرتے ہیں، یہ رہنما بیک وقت پاکستان پیپلزپارٹی اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے عہدیدار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کا نشان تلوار اور پارلیمینٹرینز کا انتخابی نشان تیر ہے، پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہی نہیں تو یہ رہنما اس کے نام پر کیوں سرگرمیاں کرتے ہیں؟ ان کی سرگرمیاں بد دیانتی پر مبنی ہیں یہ صادق و امین نہیں رہے۔