بلاول نے احسان اللہ احسان کے فرار سے متعلق جواب طلب کرلیا

117

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے فرار کی تصدیق کے بعد چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے حکومت سے تحریری جواب مانگ لیا ہے۔ بلاول زرداری نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریری سوال جمع کرا وایا ہےجس میں بلاول نے وزیر داخلہ سے احسان اللہ احسان سے متعلق جواب مانگا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے بلاول کے تحریری سوالات کے وصول ہونے کی تصدیق بھی کی ہے۔ذرائع کے مطابق بلاول نے سوال کیا ہے کہ بتایا جائے کہ کالعدم تحریک طالبان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کیا زیرحراست ہیں؟بلاول زرداری نے تحریرطور پریہ بھی پوچھا ہے کہ اگر احسان اللہ احسان زیرحراست نہیں تو کیا اس کے فرار کی خبریں درست ہیں؟ احسان اللہ احسان کا موجودہ اسٹیٹس کیا ہے؟خیال رہے کہ وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اس سے قبل احسان اللہ احسان کے فرار کی پہلی بار سرکاری سطح پر باقاعدہ تصدیق کر دی تھی۔وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے احسان اللہ احسان کے فرار ہونے سے متعلق خبر کی صداقت پر سوال کیا تو انہوں نے کہا تھا کہ میں نے بھی یہ خبر سنی ہے، اس سے متعلق ریاست باخبر ہے.انہوں نے کہا تھا کہ مجھے پتہ ہے وہ چلا گیا ہے اس لیے خبر کی تصدیق کر رہا ہوں، اس پر بہت کا کام ہو رہا ہے آپ کو جلد خوش خبری ملے گی۔