کوئٹہ کے علاقے شاہراہ اقبال پر اہلسنت والجماعت کی ریلی میں بم دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ میں پریس کلب کے قریب شارع اقبال پر اہلسنت والجماعت کی جانب سے حضرت ابوبکر صدیق اکبرؓ کے یوم وفات پر ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بم دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں شہید ہونے والوں میں 2 پولیس اور ایک لیویز اہلکار بھی شامل ہے۔
واقعہ کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور سیکورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوراً قریبی اسپتال منتقل کیا جب کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شارع اقبال پر ہونے والا دھماکا خودکش تھا جو ریلی میں ہوا، ایک کم عمر نوجوان پیدل آیا جسے پولیس نے روکا تاہم روکے جانے پر نوجوان نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔