لاہور(آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر، رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے ہمارے ایک ایک منصوبے کو کھنگالا ہے، کسی بھی منصوبے میں ایک روپے کی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہوا،حکومت کا پروپیگنڈا (ن) لیگ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیف سٹی منصوبہ(ن) لیگ نے شروع کیا،یہ جرائم کے سدباب کے لیے بہت موثر نظام ہے، اس منصوبے کو 18 ماہ میں مکمل کیا گیا، اس منصوبے کے تحت شہر بھر میں 18 ہزار کیمرے لگائے گئے،اگر (ن)لیگ کی حکومت رہتی تو جنوری 2020ء تک سیف سٹی منصوبہ ڈویژنل سطح تک مکمل ہو چکا ہوتا اور لاہور جرائم سے پاک ہوچکا ہوتا،اس وقت سیف سٹی کے 4 ہزار کیمرے خراب پڑے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہعوام کی خدمت کرنے والے جیلوں میں ہیں، میٹرو منصوبے کی سرپرستی کرنے والا 2برس سے جیل میں ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کے پاس اے ٹی ایم ہیں جو ان کے خرچے برداشت کرتے ہیں، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ان کی اے ٹی ایم نے اربوں کمائے، ڈالر کا بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کاکہا گیا جو آج تک نہیں ہوئی ، آٹے اور چینی کا بحران 150 سے 200 ارب روپے کی واردات ہے، وزیراعظم نے 2 افراد کو کلین چٹ دے دی،ان کے خلاف کون انکوائری کرے گا۔انہو ںنے کہا کہ حکومت نے عام آدمی کے لیے صرف لنگرخانے کھولے ہیں، حکومت نے بجلی 150 اور گیس 300 فیصد مہنگی کردی، اربوں روپے کی سبسڈی ختم کرکے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان باجی بدزبانی کرتی رہتی ہیں،وہ باعزت خاتون ہیں،اچھے الفاظ استعمال کیا کریں،ان سے درخواست ہے کہ (ن) لیگ کی قیادت کے لیے الفاظ کا چناؤ بہتر کریں ورنہ کوئی ایسا لفظ کہہ دیا تو حلقے میں نہیں جا سکیں گی، گھٹیا اور توہین آمیز الفاظ کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے، دلائل کا جواب دلائل سے دینا چاہیے، میری باتوں کی کوئی تردید کرے تو اس کا ثبوت دینے کے لیے تیار ہوں ۔