اتحادیوں سے کوئی مسئلہ ہیں ،اپوزیشن سے بھی رابطے میں ہیں،پرویز خٹک

127

پشاور(اے پی پی)وزیر دفاع اور مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خان خٹک نے کہاہے کہ جس طرح ملک میں عدلیہ آزاد ہے اسی طرح نیب بھی آزاد ادارہ ہے، اس پر حکومت کی کوئی مداخلت نہیں ہے، احتجاج ، دھرنا، جلسے اور حکومت پر تنقید کرنا مولانا فضل الرحمن سمیت سب کا جمہوری حق ہے، مولانا نے پہلے بھی دھرنا دیا تھا، دوبارہ بھی دھرنا دینا چاہیں تو دے سکتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے آرٹیکل 6 کی بات اس لیے کی ہے کیونکہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن کو کس نے کہا ہے کہ حکومت جارہی ہے،وزیراعظم عمران خان نے یہ سوال کیا ہے کے کس کے کہنے پر انہوں نے حکو مت کا تختہ الٹانے کی بات کی ہے بغیر کسی وجہ کے حکومت کا تختہ الٹانا چاہتے ہیں تو آرٹیکل 6 یا جو بھی ہو وہ ان کے خلاف بن سکتا ہے،اتحادیوں کے ساتھ کو ئی مسئلہ نہیںہے، چھوٹی باتیں ہوتی رہتی ہیں،اتحادی پہلے بھی ہمارے ساتھ تھے اور آئندہ4برس بھی ساتھ رہیں گے، اپوزیشن سمیت سب کے ساتھ رابطے میں ہیں، قانون سازی پر ہم سب متفق ہیں،جلسے جلوس بھی کرسکتے ہیں لیکن قانون کے تحت کریں ہم ان کو کبھی نہیں روکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ترکی کے صدر کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل تھا،ترکی کے ساتھ ہمارے بہت سے معاہد ے ہوئے ہیں اور دفاعی شعبے میں بھی ترکی نے پاکستان کے ساتھ جوائنٹ ایڈونچر کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور اس حوالے سے ایک معاہدہ ہوچکا ہے اور دوسرا معاہدہ ہونے والا ہے، ترکی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتاپنی 5 سالہ مدت پوری کرے گی،اپوزیشن کے ساتھ ملکر متفقہ طور پر قانون سازی بھی کررہے ہے اور کئی چیزوں پر اپوزیشن کے ساتھ ملکر آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتساب بل میں آرڈیننس آچکے ہیں اور اپوزیشن سے اس پر بات ہورہی ہے اور بہت جلد اس کا کوئی نتیجہ نکلے گا ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، خطے کے معروضی حالات سرحدوں کی صورتحال بھارت کی ہٹ دھر می مقبوضہ کشمیر نہتے مسلمانوں پر بھارتی مظالم اور بھارت کے جنگی جنون سے ہمیں سبق سیکھنا چاہیے اور پاکستان کے لیے سوچناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصا ف حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں پرویز خٹک نے کہا کہ نیب آزاد ادارہ ہے، پی ٹی آئی حکومت نے اپوزیشن کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا یہ سارے مقدمات ماضی کی حکومتوں کے ہیں جو مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے تھے، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطر ہ نہیں ہے، اپوزیشن کے الزمات بے بنیاد ہیں۔