دادو(نمائندہ جسارت)ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف دادو کے شہری سڑکوں پر نکل آئے حکومت کے خلاف شدید نعریبازی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف عوامی سجاگ اتحاد کے صدر خادم حسین مستوئی کے زیر اہتمام سماجی تنظیموں کے رہنماؤں ساجد مستوئی اعجاز تھہیم، نیاز زئونر، پروفیسر محمد عرفان اور دیگر کی قیادت میں علامہ آئی آئی قاضی لائبرری سے نکالی گئی ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی دادو پریس کلب پر پہنچی ۔ریلی میں سیکڑوں کی تعداد میں مہنگائی کے ستائے لوگوں نے شرکت کی ۔ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جو بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔مظاہرین نے کہاکہ وفاقی حکومت اور سندھ حکومت نے ظلم کی انتہا کردی ہے وزیر اعظم ریلیف پیکیج یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب نہیں ہے غریب آدمی کا جینا مشکل بنتا جارہا ہے عوام کو مایوس اور پریشان کردیا ہے تیل، گیس، بجلی، آٹا، چاول، دالیں اور سبزیوں سمیت ادویات کی قیمتیں اتنی بڑھ گئی جیسے ملک میں کوئی سونامی آیا ہواہے جبکہ شہر میں مصنوعی مہنگائی پر بھی کنٹرول پانے کیلیے پرائیز کنٹرول اتھارٹی بھی غائب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی پر قابو پا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔