لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے قریب تھانہ تعلقہ کی حد گاؤں شاہ حسن مغیری میں مغیری برادری کے دو گروپوں میں زمینی تنازع پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 47 سالہ محمد عثمان مغیری کو موقع پر قتل کردیا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان فیاض مغیری شدید زخمی ہوا، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اطلاع پر مختلف تھانوں کی پولیس نے پہنچ کر دونوں فریقین کے 6 افراد شیرل، عامر علی، علی حسن، سیف اللہ، محمد شیر اور نواز علی مغیری کو گرفتار کرکے لاکپ کردیا بعد ازاں مقتول کی لاش اور زخمی کو چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی گئی۔ پولیس کے مطابق دونوں گروپوں میں پرانہ زمینی تنازعہ چل رہا ہے آج دونوں فریقین میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص قتل اور دوسرا زخمی ہوا ہے، دوسری جانب مقتول کی لاش ورثہ گاؤں لے گئے جہاں لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا جبکہ آخری اطلاع موصول ہونے تک مقدمہ درج نہ ہوسکا۔