اسلام آباد(اے پی پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجود حکومت نے سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز عوامی فلاحی منصوبوں کے لیے مختص کیے ہیں، حکومت معاشی مشکلات کے باوجود فلاحی کاموں پر توجہ دے رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی میںیونین کونسل پنج پیر ویلج کونسل درہ میں 4 کروڑ 34 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے منصوبوں جن میں سڑکیں اور دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں کے افتتاح کے بعد ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں کی بدولت وہ وقت دور نہیں جب صوابی کے عوام ترقی کے اعتبار سے سب سے آگے ہوں
گے۔اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ صوابی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبہ صوبے بھر کی ترقی اور خوشحالی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے رشہ کئی اکنامک زون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رشہ کئی اکنامک زون کا سب سے زیادہ فائدہ خیبر پختونخوا اور صوابی کے عوام کوہوگا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود حکومت عوامی فلاح کے کاموں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجود حکومت کے معیشت کی بہتری کے لیے مرتب کی گئیں پالیسیوں کی بدولت ملک بہت جلد معاشی طور پر مستحکم ہو جائے گا۔