ڈمی کپتان کی حکومت ختم کر کے دم لوں گا، مولانا فضل الرحمن

114

چارسدہ(آئی این پی)جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مجھ پر کپتان کی حکومت ختم کرنے کی سازش کا الزام ہے،میں اعلان کرتا ہوں ڈمی کپتان کی حکومت ختم کرکے دم لوں گا، تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا مگر میرا کسی نے ساتھ نہیں دیا۔ اتوار کو ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جعلی الیکشن کی کوکھ سے ناجائز حکومت کو پیدا کیا گیا۔فضل الرحمن نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی پشت پر امریکا اور مغرب کھڑا ہے۔ ملک کی معیشت تباہ ہوچکی ہے۔ 70سال کے دوران اتنے قرضے نہیں لیے گئے جتنے گزشتہ 18ماہ کے دوران لیے جا چکے ہیں۔ نت نئے ٹیکسز اور آسمان کو چھوتی مہنگائی نے عوام کو خود کشیوں پر مجبور کردیا ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے 25لاکھ افراد کو بیروزگار کردیا گیا، اسی طرح 50لاکھ گھر بنا کر دینے کا کہا گیا لیکن غریبوں کے گھر مسمار کردیے گئے ہیں۔ سیاسی لحاظ سے دھاندلی کی پیداوار ناجائزو غیر آئینی حکومت نے 22کروڑ عوام کا مستقبل دا پر لگا دیا ہے۔تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھاکیا مگر میرا ساتھ کسی نے نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاستدان استقامت اور مضبوطی کے ساتھ آگے نہیں بڑھتے ہیں تو وہ قومی مجرم ہوں گے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ جے یوآئی کے آزادی مارچ کی وجہ سے کپتان ڈمی حکمران بن چکے ہیں۔ انہوں نے ارباب اقتدار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب جے یو آئی قوم کی آواز بنی تو مجھ پر غداری کا مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دی گئی ہم جھکنے اور ڈرنے والے نہیں ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے انگریز سامراج کو اپنے سامنے جھکایا ہے۔ فضل الرحمن نے کہا کہ توہین رسالت کے مرتکب افراد کو با عزت رہائیاں دی گئیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ناموس رسالتؐ کے قانون کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم بغاوت کریں گے۔امیر جے یو آئی(ف)نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر کار فرما کسی حکمران کو کسی صورت تسلیم نہیں کر سکتے ہیں۔