سکھر،عمارت میں قائم دکانوں میں آتشزدگی، باپ بیٹے سمیت 4 افراد جاںبحق

85

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کے علاقے غریب آباد کے بیری چوک پر واقع ایک چار منزلہ عمارت کے نیچے قائم دکانوں میں آتشزدگی کے ایک المناک واقعہ میں اوپر قائم گھر میں موجود باپ دو معصوم بیٹوں سمیت 4 افراد دم گھٹنے سے جاں بحق، خاتون سمیت تین افراد بے ہوش ہوگئے، المناک واقعہ کے مطابق دکانوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کا دھواں دکانوں کے اوپر قائم گھر میں بھر گیا، جس کی وجہ سے گھر میں موجود محمد جاوید اور اس کے دو بیٹوں محمد علیان اور محمد عمر، حیدر علی سمیت چار افراد موقع پر دم گھٹنے کی وجہ سے فوت ہوگئے جبکہ خاتون مسمات اکبری، سہیل اور زلی شاہ بے ہوش ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع پر ایدھی، فائر بریگیڈ اور دیگر ریسکیو اداروں کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو گھر سے نکال کر فوری طور پر سول اسپتال سکھر پہنچایا جبکہ دکانوں میں لگنے والی آگ پر بھی قابو پانے اور اسے مزید پھیلنے سے روکنے کی کوششیں شروع کردیں، تقریباً تین گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ زخمیوں میں سے خاتون سمیت دو افراد کو نازک حالت کے باعث گمبٹ اسپتال لے جایا گیا۔ ریسکیو اداروں کے مطابق دکانوں میں آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جبکہ آگ سے دکانوں میں رکھا ہوا بھاری مالیت کا سامان بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع پر سکھر انتظامیہ کے افسران نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر متاثرین سے ملاقات کی اور ان سے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں اور متوفیان کے قریبی رشتے داروں کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے باوجود فائر بریگیڈ گاڑیاں آدھے گھنٹے دیر سے پہنچیں جبکہ واپڈا والوں نے تو صبح تک فون نہیں اٹھایا۔ واقعہ میں جاں بحق ہونے والا جاوید رکشہ چلاتا اور کیبل کا کام کرتا تھا جبکہ واقعہ میں ہلاک ہونے والا حیدر علی ان کے گھر میں مہمان تھا جو کراچی سے ان کے گھر ملنے آیا تھا۔ دوسری جانب واقعہ کے متوفیان کی میتیں غسل و کفن کے لیے ایدھی سینٹر لائی گئیں جہاں سے میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔