گوادر کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ،افضل جان

115

گوادر(نمائندہ جسارت)گوادر عالمی اہمیت کا حامل شہرہے ۔ شہر یوں کے لیے بنیادی سہو لیات ناپید ہیں، شہر ی پانی بجلی اور صحت عامہ کی سہو لیات سے محروم ہیں۔ پورا شہر سیکورٹی حصار میں ہے لیکن منشیات کی فراوانی ہے۔ عوامی نمائند ے اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کی غفلت کی وجہ سے گوادر شہر مسائلستان بن چکا ہے۔ ان خیالات کااظہار مقر رین نے آل پارٹیز گوادرکے زیر اہتمام شہد ائے جیونی چوک پر منعقد ہ احتجاجی مظاہر ہ سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے آل پارٹیز کے کنوینر و پی پی پی کے رہنما افضل جان، ڈپٹی کنو ینرو پی ٹی آئی کے رہنما مولابخش مجاہد، جمعیت علما اسلام (ف ) کے ضلعی امیر مولاناعبدالحمید انقلابی، بی این پی ( مینگل ) کے ضلعی صدر کہد ہ علی، نیشنل پارٹی کے تحصیل صدر حفیظ جعفر، جماعت اسلامی کے نائب ضلعی امیر سعید احمد بلوچ اورپاکستا ن نیشنل پارٹی ( عوامی ) کے رہنما محمد ایوب نے کہا کہ گوادر عالمی اہمیت کا حامل شہر بن چکا ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتاہے کہ یہاں کے شہری زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں موسم سرما میں بھی بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس سے شہر یوں کی معمولات زندگی متاثر ہیں جبکہ حالیہ بارشوں کے بعد تمام آبی ذخائر پانی سے لبریز ہیں لیکن شہری پانی پانی کی بوند بوند کے لیے ترس رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گوادر اس وقت مکمل سیکورٹی حصار میں ہے شہر سے باہر جانے اور آنے والوں کو شناخت کے بعدجانے کی اجازت دی جاتی ہے مگر حیرت انگیز امر یہ ہے کہ شہر میں منشیات کی فراوانی ہے شہر میں گنتی کے چند اقلیتوں کے نام پر شراب خانوں کی بھر مار ہے جس سے نوجوان نسل بری طرح متاثر ہے اور اس کی وجہ سے شہر میں بدامنی کے واقعات بھی رونما ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گوادر کی زمین روبہ ترقی ہے لیکن شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں جس کی تمام تر ذمے داری عوامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر ادار ے ہیں ۔احتجاجی مظاہرہ کے نظامت کے فرائض بی این پی ( مینگل ) کے تحصیل جنرل سیکریڑی ناصر موسیٰ نے ادا کیے۔