اسلام آباد (جسارت نیوز) فیڈرل ٹینس کپ کے لیڈیز سنگلز کے فائنل میچ میں سارہ محبوب نے سارہ منصور کو شکست دے کر چیمپئن ہونے اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے گئے چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں سارہ محبوب نے سارہ منصور کو 6-3 اور 7-6 سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ فائنل کے مہمان خصوصی طارق مرتضی تھے مہمان خصوصی نے فائنل کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) گل الرحمن اور فیڈرل ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عارف قریشی کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ واضح رہے کہ لیڈیز سنگلز کے پہلے سیمی فائنل میں سارہ محبوب نے شیمزا ناز کو 6-3 اور 6-0 سے جبکہ دوسرے سارہ منصور نے مہک کھوکھر کو 6-0 اور 7-5 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔