کراچی (نمائندہ جسارت)کراچی سرکلرریلوے روٹ کے اطراف آباد لوگوں کومتبادل جگہ فراہم کیے بغیرتجاوزات کے خلاف کارروائی پرتحریک انصاف سندھ اوروزیرریلوے آمنے سامنے آگئے،سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے پرعدالتی احکامات کے برعکس غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے لوگوں کوبے گھرکیا جارہا ہے، متبادل دیے بغیرلوگوں کوبے گھرکرنا ظلم ہے،چیف جسٹس کو خود حقائق سے آگاہ کروں گا،ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ متبادل دیے بغیرکوئی بھی دیوارگرائیں گے تو ہم سامنے کھڑے ہوںگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کراچی کے صدرخرم شیرزمان ، ارکان سندھ اسمبلی کے وفد کے ساتھ ڈی ایس ریلوے نثاراحمد میمن سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فردوس شمیم نے وزیرریلوے شیخ رشید اورریلوے افسران پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اراضی پر قبضے میں ملوث محکمہ ریلوے کے سابق و موجودہ افسران اور وزراء کو سزائیں دی جائیں،ڈی ایس ریلوے سے ملنے کا مقصد معلوم کرنا تھا کہ کراچی سرکلرریلوے کی بحالی کے لیے ریلوے کیا کرنے جارہی ہے،متاثرین کومتبادل جگہ کہاں دینی ہے ریلوے حکام کو کچھ پتا ہی نہیں ہے،ابھی تحریری فیصلہ آیا نہیں انہوں نے گھر توڑنا شروع کردیے،چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ ریلوے میں کرپشن کا خاتمہ کرائیں اورمظلوم لوگوں کے معاملے میں انسانیت کے تقاضے پورے کیے جائیں ،ہم کراچی کے ساتھ یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے، ریلوے کے تمام افسران،سیکرٹریزاورافسران جنہوں نے قبضے کرائے سب کو سزادی جائے،معصوم لوگ ایس بی سی اے پلان دیکھ کر دکان، مکان خریدتے ہیں، میں خود انجینئرہوں،3 ماہ میںنئی تو کیا پرانی کے سی آربھی نہیں چلائی جاسکتی،عدالت میں غلط بیانی کی جارہی ہے کہ4 برس لگیں گے، جس منصوبے کے لیے ابھی پیسے ہی نہیں رکھے گئے نہ روٹ کی منظوری دی گئی ہے اس کے بغیرہی لوگوں کوبے گھرکرنا شروع کردیا گیا ہے،عدالتیں انصاف کریں ،لوگوں کو بے گھر ہونے سے بچائیں ،میں خود چیف جسٹس کے پاس جائوں گا،جب تک متاثرین کو متبادل نہیں دیا جاتا تب تک کچھ نہیں ہوسکتا،سرکلرریلوے انڈر گراونڈ کیسے بنے گی ،منصوبے کے لیے محکمہ ریلوے کو کتنی زمین درکار ہے ڈی ایس کوئی جواب دینے کو تیار نہیں،ڈی ایس ریلوے کو کچھ پتاہی نہیں،میں ڈی ایس ریلوے نہیں سیکرٹری ریلوے کی برطرفی کا مطالبہ کروں گا۔انہوں نے کہاکہ عدالت عظمیٰ کے آرڈر میں متبادل گھروں کی فراہمی کے حوالے سے لکھا گیا ہے ،نیا کوئی تحریری حکم نامہ موجود ہی نہیں، محکمہ ریلوے از خود کارروائی کر رہا ہے اورمتبادل دیے بغیرگھرتوڑے جارہے ہیں،کمرشل جائداد توڑنے پرہمیں کوئی اعتراض نہیں مگر گھر توڑنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شیخ رشید کراچی سے تجاوزات ہٹانے سے پہلے اپنے حلقے میں آپریشن کرکے آئیں،ان کے حلقے میں بھی ریلوے کی زمینوں پر قبضے ہیں،شیخ رشید ان تمام افسران کے خلاف مقدمہ دائرکریں،ان سب کو کٹہرے میں لائیں،چیف کنٹرولربلڈنگ کروڑوں جیب میں ڈالتا ہے،چوروں سے ہاتھ ملانا پسند نہیں کرتاہے۔