طیب اردوان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، سراج الحق

155

لاہور( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ترک صدر طیب اردوان کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں اور انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔طیب اردوان سے درخواست کروں گا ہمارے وزیراعظم کو بھی سمجھائیں پاکستان کو معاشی مسائل سے کیسے نکالیں۔ترکی نے ہمیشہ کشمیر فلسطین پر دوٹوک موقف اختیار کیا ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ امت کی نمائندگی پر ترک صدر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔اس وقت پاکستان کے22کروڑ عوام معاشی حالات سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔طیب اردوان کوئی فارمولا دیں تاکہ ہماری حکومت اعلانات سے آگے بڑھ کر کوئی عملی کام کر سکے۔دریں اثنا جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے ترک صد ر طیب اردگان کی پاکستان آمد کا دل کی گہرائیوں سے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات تاریخی ، اسلامی اور برادرانہ ہیں ۔ خلافت عثمانیہ کی حفاظت کے لیے برصغیر کے مسلمانوں نے بھر پور آواز اٹھائی اور آج بھی خلافت عثمانیہ جو ریاست مدینہ کے اصولوں پر تھی ، کی بحالی کے منتظر ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ترک صدر کے دورہ پاکستان سے ملائیشیا کوالالمپور سربراہی کانفرنس ،جو ادھوری رہ گئی تھی کی تکمیل کا اہم فیصلہ ہوناچاہیے ۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھی مشترکہ مضبوط موقف کا اعلان کیا جائے ۔انہوںنے کہاکہ ملی یکجہتی کونسل کے وفد کی ملاقات کے لیے ترک سفارتخانے کو تحریری استدعا کردی ہے ۔