گوادر(نمائندہ جسارت)نیشنل پارٹی گوادر کی جانب سے چائنا میں مہلک اور خطر ناک بیماری کورونا کے مشتبہ مریضوں کی گوادر میں منتقلی کی تجو یز اور کوششوں کے خلاف پر یس کلب گوادر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر فیض نگوری، تحصیل صدر ناگمان عبدل، نائب صدر حفیظ جعفر اور سینئر رہنما محمد حیاتان نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ بعض ایسی اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ چائنا میں وبائی شکل اختیار کرنے والی مہلک اور خطر ناک بیماری میں مبتلا مشتبہ مریضوں کو گوادر کی ساحلی پٹی پر منتقل کر نے کی تجو یز اور کوشش کی جارہی ہے جو انتہائی تشو یشناک بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم کورونا مرض میں مبتلا مریضوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گوں ہیں او ر ساتھ ہی اس خدشے کا بھی اظہار کر تے ہیں کہ کورونا عالمی سطح پر سب سے مہلک تر ین بیماری قرار دی جارہی ہے چین جو سپر پاور ملک ہے نہ صرف سپر پاور ملک ہے بلکہ جدید تر قی یافتہ ملک ہے جس کے پاس کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وسائل کی کمی نہیں لیکن اب تک چین اس مہلک بیماری کامقابلہ نہیں کر پا رہا اور باقی دنیا بھی اس سے پر یشان ہے ،اس صورتحال میں مریضوں کو گوادر میں بسانے کے انکشافات یہاں کے شہر یوں کے لیے باعث تشو یش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اگر گوادر کے شہریوں کو خوشحالی نہیں دے سکتے تو کم از کم ان کی زند گیوں سے مت کھیلیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو گوادر میں بسانے کے انکشافات حقیقت پر مبنی ہیں تو یہ شہر یوں کی زندگیوں کے لیے رسک سے کم نہیں کیونکہ گوادر میں عام مرض کی تشخیص کرنا محال ہے کورونا جیسی مہلک بیماری سے کیسے نمٹاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس ایسی تجو یز ہے یا وہ اس پرعمل درآمد کرنا چاہتی ہے تو نیشنل پارٹی حکومت کو واضح پیغام دینا چاہتی ہے کہ حکومت اس سے باز رہے اگر اس پر عمل کیا گیا تو نیشنل پارٹی اس کی سخت مزاحمت کر ے گی ۔مظاہرے کے نظامت کے فرائض بی ایس او کے سابق جوائنٹ سیکرٹری ولید مجید نے ادا کیے۔