لاڑکانہ ،چانڈکا اسپتال کے شعبہ نیورولوجی کا آراوپلانٹ ناکارہ

159

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) چانڈکا اسپتال کے شعبہ نیورولوجی میں نصب کردہ آر او پلانٹ ناکارہ ہونے کے باعث لاڑکانہ سمیت دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے گردوں کے مریضوں کے ڈائیلاسسز نہ ہوسکے جس کے باعث متعدد مریضوں کی حالت غیر ہوگئی ہے جبکہ آر او پلانٹ کی خرابی اور ڈائیلاسسز نہ ہونے کے خلاف مریضوں کے لواحقین نے اسپتال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرکے اسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔اس موقع پر ندیم علی عباسی، مجاہد علی سومرواور شعبان سندیلو و دیگر کا کہنا تھا کہ بالائی سندھ میں قائم چانڈکا اسپتال کے زیر نگرانی شعبہ نیورولوجی میں آئے روز آر او پلانٹ اور ڈائیلاسسز مشینیں خراب ہونا معمول بن گیا ہے جس کے باعث ہمارے مریض موت اور زندگی کی کشمکش میں ہیں جبکہ ٹیکنیکشن ہونے کے باوجود آر او پلانٹ کو درست نہیں کیا جارہا ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ، محکمہ صحت کے صوبائی وزیر و دیگر سے اپیل کی کہ جلد از جلد آر او پلانٹ کو درست کرکے ڈائیلاسسز کا مرحلہ شروع کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔