ملتان (کامرس نیوز) جنوبی پنجاب کی پہچان زراعت ہے جس کی ترقی کے لیے ے ملتان میں تین روزہ زرعی نمائش اور کانفرنس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ بہاو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں چودہ، پندرہ اور سولہ فروری کو تین روزہ کسان دوست میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں زرعی ماہرین جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی اور زرعی مصنوعات کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے مفید مشورے دیں گے جس میں فصلوں کی پیدوار کو بہتر کرنے کیلیے بھی متوازن کھاد کی اہمیت کو اجاگر کیا جائیگا۔کسان میلے میں کاشتکاروں کو آسان شرائط پر زرعی قرضوں کی فراہمی اور فصلوں کی انشورنس کے حوالے سے بھی اگاہی دی جائیگی۔ کسان میلہ میں کاشتکاروں کی تفریح کیلئے ہارس اینڈ کیٹل شو، فینسی برڈز شو بیل گاڑی دوڑ اور نیزہ بازی کے دلچسپ مقابلے ہونگے جبکہ میلے کی رونقیں مزید بڑھانے کیلئے میوزیکل پروگرام کیساتھ ٹریکٹر، ریفریجریٹر، موٹر سائیکل اور مختلف انعامات کی قرعہ اندازی بھی کی جائیگی۔