ترکی کے سی پیک میں شامل ہونے پر کوئی اعتراض نہیں، شاہ محمود قریشی

130

اسلام آباد( آن لائن ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ترکی کے سی پیک میں شامل ہونے پر کوئی اعتراض نہیں، ترکی کے سی پیک میں شامل ہونے سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا، ترک صدر کے دورے سے تعلقات متاثر ہونے کی افواہیں دم توڑ گئیں۔ انہوں نے ترک صدر کے دورہ پاکستان پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ میں کوئی دو بلاکس نہیں بن رہے، مسلم مخالف قوتیں تقسیم کا تاثر پھیلا رہی ہیں، پاکستان اور ترکی ہرموقع پر ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔ترک صدر کے دورہ پاکستان سے ترکی سے تعلقات متاثر ہونے کی افواہیں دم توڑ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ ترک صدر کے دورہ پاکستان سے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ترکی سی پیک میں دلچسپی لے گا تو پاکستان کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔سی پیک کے تحت جو اکنامک زون بنا رہے ہیں اس میں سب ممالک کو سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔دیکھنا یہ ہے کہ ایک دوسرے کو کس طرح فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔ واضح رہے ترک صدر طیب اردوان پاکستان کے دو روزہ دورے کیلیے نورخان ایئر بیس پہنچ گئے ہیں، خطے کی موجودہ صورتحال اور معیشت کی مضبوطی کیلیے ترک صدر کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔