ایم ایل ون منصوبہ بننے تک ریلوے ٹھیک نہیں ہوسکتا، شیخ رشید

147

اسلام آباد( آن لائن )وفا قی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ جب تک ایم ایل ون منصوبہ نہیں بنے گا ریلوے ٹھیک نہیں ہو سکتا۔عدالت عظمیٰ کے باہر وفاقی وزیر اسد عمر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسد عمر نے عدالت کو ایم ایل ون کی تاریخوں سے آگاہ کیا ہے، ریلوے نے بزنس پلان بھی دیا ہے،عدالت عظمیٰ نے کہا ہے کہ ہم ریلوے کا حال بہتر کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ سی پیک دفن ہو گیا ہے، ان کو آج مایوسی ہوئی، 5 سال میں ایم ایل ون مکمل ہو جائے گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کیساتھ مل کر 5 کلو میٹر اراضی کو خالی کرائیں گے، عدالت نے رینجرز سے مدد لینے کا بھی کہا ہے، عدالت نے کراچی ،لاہور میں ریلوے اراضی بیچ کر ریلوے بہتر کرنے کی اجازت دی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بلاول حکومت پر تنقید نہیں کرے گا تو اور کیا کہے گا؟آپ کی بلاول سے گپ شپ ہوئی؟ صحافی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان سے ابھی تک گپ شپ نہیں ہوئی ہے۔