سراج الحق نے مولانا عبدالرئوف کے گھر جاکر عیادت کی

501
کراچی:امیر جما عت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق جامع مسجد قبا کے پیش امام مولانا عبدالرؤف کی عیادت کے بعد صحت یابی کیلیے دعا کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے جمعیت اتحاد العلما سندھ کے صدر و جامع مسجد قبا کے پیش اما م و خطیب شیخ القرآن مولانا عبدالرئوف کے گھر جاکر ان کی عیادت کی ، وہ کچھ دیر ان کے ساتھ رہے علاج معالجے کی تفصیلات معلوم کیں اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اصلاح معاشرہ اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے علما کرام اور دینی مدارس کا بڑا کردار ہے۔ مولانا عبدالرؤف ہمارا سرمایہ ہیں اللہ تعالیٰ ان کو لمبی زندگی اور صحت کاملہ دے ، مولانا عبدالرؤف نے پوری زندگی انسان ذات کی خدمت اور منبر و محراب کے ذریعے حق و صداقت کی آواز بلند کی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ مولانا عبدالرؤف نے بطور منتخب کونسلر عوام کی خدمت، جامع مسجد قبا کے پیش امام و خطیب منبر و محراب سے حق و صداقت کی آواز بلند اور جمعیت اتحادالعلما کے پلیٹ فارم سے اتحاد امت کا فریضہ سر انجام دیا۔ ان کا یہ کام آخرت کے لیے صدقہ جاریہ بنے گا۔اس موقع پر صوبائی امیر محمد حسین محنتی، قیم حلقہ کراچی محمد عبدالوہاب، نائب امیر ضلع گلبرگ کامران سراج، مولانا عبدالرؤف کے صاحبزدے مولانا عطا اللہ ،مفتی مولانا ثنا اللہ رحمانی اورداماد مفتی محمودشاہ بھی موجود تھے۔