ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں، اسد عمر

125

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور اپ گریڈ کرنے کی خواہاں ہے اور اس سلسلے میں ایم ایل ون سب سے اہم منصوبہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایم ایل ون منصوبے کے پی سی ون کی تیاری اور پراسیسنگ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، ملک بھر میں انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لیے ایک جامع حکمت عملی وضع کرنے اور ایک مستقل سفری رابطوں کے خلا کو پْر کرنے کی ضرورت ہے، ریلوے کو تیسری پارٹی کے جائزہ لینے کے کام میں تیزی لانا چاہیے تاکہ منظوری کے لیے جلد از جلد کارروائی کی جا سکے۔ اسد عمر نے فنانسنگ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کام کو تیز کریں اور چینی فریق سے مستقل رابطے میں رہیں تاکہ مالی اعانت کے شرائط وضوابط کو حتمی شکل دی جا سکے۔ انہوں نے ایم او آر پر زور دیا کہ ریلوے کی بحالی اور اس کے مستقبل کے نظام کی دیکھ بھال کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں، اس سلسلے میں ریلوے کو اصلاحات کا نفاذ کرنا چاہیے اور تنظیمی ڈھانچے کو بہتر بنانا چاہیے تاکہ زیادہ بڑے انفرااسٹرکچر کو سنبھال سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کے علاوہ کراچی سرکلر ریلوے بھی اس شعبے میں ایک اہم منصوبہ ہے، حکومت ان دونوں منصوبوں کو حتمی شکل دینا چاہتی ہے۔