امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ چین میں کرونا وائرس اور پاکستان میں کرپشن کا وئراس ہے، جس شخص نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا وہ آج سب سے زیادہ پریشان ہے، جماعت اسلامی ملک میں سودی نظام کے خلاف جہاد کر رہی ہے۔
لاہور میں سینیٹر سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پی ٹی آئی کا ووٹر سب سے زیادہ پریشان ہے، ملک میں زراعت ختم ہوگئی ہے جس سے تاجر بھی پریشان ہیں۔
سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں چل چلاؤ کا نظام ہے، پورا ملک دلدل میں دھنس گیا ہے، حکومت روز اعلان کرتی ہے کہ آنے والا کل بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی کہا تھا کہ تنخواہ میں ان کا بھی گزارا نہیں ہوتا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایک طرف خود حکومت کہتی ہے کہ مافیا کی حکومت ہے، ملک میں زمین، شوگر، سگریٹ، آٹا خور اور رئیل مافیا ہے، وزیراعظم اپنے دائیں بائیں دیکھیں انہیں مافیا نظر آجائے گا، پارٹی پر ان ہی لوگوں نے پیسا لگایا تھا اور انتخابی مہم چلائی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ مافیا کے لوگ سود سمیت قیمت وصول کر رہے ہیں، جماعت اسلامی پاکستان ملک میں سودی نظام کے خلاف جہاد کر رہی ہے، پاکستان اس سال 2900 ارب سود میں ادا کر رہا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ چین میں کرونا وائرس جبکہ پاکستان میں کرپشن کا وئراس ہے۔