کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں آوارہ کتوں سے تاحال شہری غیرمحفوظ ہیں، جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے انکشاف کیا ہے کہ جنوری 2020ء سے 10 فروری تک کتے کے کاٹنے کے شکار 1300 افراد کو اسپتال لایا گیا ہے، جبکہ3 افراد کی موت واقع ہوچکی ہے،
کراچی میں محلہ محلہ، گلی گلی آوارہ کتے دندنانے لگے ہیں، شہریوں کو کاٹنے کے واقعات میں بھی روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے،
جناح اسپتال شعبہ ایمرجنسی کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی نے انکشاف کیا ہے کہ نئے سال کے صرف 40 دن کے دوران کتوں کے کاٹنے کے 1300 سے زائد مریض اسپتال لائے گئے، جن میں سے 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں،
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال جناح اسپتال میں کتے کے کاٹنے کے 12 ہزار 500 سے زائد مریض لائے گئے تھے،
ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کتے کے کاٹنے کے واقعات بہت زیادہ بڑھ چکے ہیں، پاگل جانوروں کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اب اس کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدام اٹھانا ضروری ہے۔