اسلام آباد(صباح نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب)راولپنڈی آفس نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کو 13فروری کو جے وی اوپل کیس میں ایک بار پھر طلب کر لیا۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے بلاول زرداری کو طلبی کا نوٹس جاری کرد یاگیا ہے۔ زرداری گروپ آف کمپنیز کا 2008ء سے 2019 ء تک کا تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی۔نیب راولپنڈی نے بلاول سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی فہرست بھی مانگ لی ہے۔ بلاول زرداری پر اپنی کمپنی کے لیے جعلی بینک اکائونٹس سے ایک ارب22کروڑ روپے نکلوانے کا الزام ہے۔ نیب کے مطابق بلاول نے مئوقف اختیار کیا کہ وہ اس وقت چھوٹے تھے تاہم آڈٹ رپورٹ پر ان کے دستخط ہیں۔ نیب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آڈٹ رپورٹ اور بلاول زرداری کی دستخط شدہ دستاویزات حاصل کر لی ہیں جبکہ چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔نیب نے بلاول کو چوتھی مرتبہ طلب کیا ہے اور ایک بار بلاول زرداری نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش بھی ہوچکے ہیں۔