لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے پہلے سال کے دوران ریلوے کے نفع و نقصانات کے بارے میں آڈٹ رپورٹ تیار کرلی گئی، یہ رپورٹ آئندہ چند روز میں آڈیٹر جنرل پاکستان جاوید جہانگیر، صدر مملکت کو پیش کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطا بق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے عدالت عظمیٰ میں چند روز قبل یہ کہا تھا کہ ان کے دور کی رپورٹ ابھی تیار نہیں ہوئی۔ رپورٹ میں آڈیٹر جنرل نے ریلوے کے تیار کردہ حسابات کو مسترد کردیا، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ریلوے انتظامیہ نے محکمے کا اصل خسارہ چھپانے کیلیے آڈیٹروں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کے تحت جان بوجھ کر اپنے
ذمے واجب الادا 1 ارب 71 کروڑ 43 لاکھ 40 ہزار روپے کی ادائیگیاں 30 جون 2019ء کو ختم ہونے والے مالی سال تک روک لِیں اور یہ رقم ریلوے کے کھاتے میں جمع دکھائی گئی تاکہ آمدنی کے مقابلے میں اخراجات کو کم رکھ کر خسارے میں کمی کا حجم بڑھایا جاسکے۔ اس رپورٹ میں اخراجات کی غلط مدت میں اندراج سے 64 کروڑ 39 لاکھ روپے کی اوور اسٹیٹمنٹ کی گئی جبکہ پی ایس ڈی پی (سالانہ ترقیاتی پروگرام) کے اخراجات کا غلط مدت میں اندراج کرکے 30 کروڑ 44 لاکھ روپے کے اخراجات کم ظاہر کیے گئے۔ نجی ٹی وی کی تحقیقات کے مطابق ریلوے کا خسارہ شیخ رشید کے دور میں مسلم لیگ(ن) کے خواجہ سعد رفیق کے آخری سال 18-2017ء کے مقابلے میں 2 ارب 91 کروڑ 30 لاکھ روپے کمی سے 33 ارب 14 کروڑ 40 لاکھ روپے ریکارڈ کیا گیا، لیکن ریلوے کے شعبہ حسابات نے اپنی رپورٹ میں مجموعی خسارہ 32 ارب 76 کروڑ اور اس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 4 ارب 5 کروڑ روپے کی کمی کا دعویٰ کیا ہے۔