لاہور (نمائندہ جسارت)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گلبرگ والے گھرکو پناہ گاہ بنائے جانے کے بعد پہلی رات 17افراد نے قیام کیا۔مقیم افراد کو رات کا کھانا اور صبح کا ناشتہ دیا گیا، پناہ گاہ شام 6 سے صبح 8 بجے تک کھلا کرے گی جہاں 15 خواتین 35 مرد وں کی رہائش کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ضلعی انتظامیہ نے حکومت پنجاب کی مشاورت کے بعد اسحاق ڈار کے گھر کو پناہ گاہ بنا یا ہے، غریب اور بے سہارا لوگوں نے اب عالیشان بنگلے کا لطف اٹھانا شروع کردیا۔پہلے روز رہائش اور کھانا کھانے کے بعد تمام افراد اپنے اپنے روزگار پر چلے گئے اور شام 6 بجے دوبارہ پناہ گاہ پہنچ گئے۔اسحاق ڈار کی رہائش گاہ کو پناہ گاہ بنائے جانے پر دور دور سے لوگ دیکھنے بھی آرہے ہیں۔ گجرات سے تعلق رکھنے والے پروفیسر عبدالمجید بیٹی کے ساتھ پناہ گا ہ دیکھنے آئے مگر وقت ختم ہونے کی وجہ سے دیکھنے کی اجازت نہ مل سکی۔اسسٹنٹ کمشنر ذ یشان نصراللہ رانجھا کے مطابق تمام پناہ گاہیں صرف بے سہارا افراد کے لیے رات کو کھولی جاتی ہیں اور صبح کو بند کر دیا جا تا ہے۔