بختاور زرداری نے وزیراعظم کی پریشانی کی وجہ بتادی

236

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور زرداری نے وزیراعظم عمران خان کی پریشانیوں کی فہرست گنوادی۔ بختاور زرداری نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کی پریشانیوں کی فہرست گنواتے ہوئے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم اپنی غیر معمولی کارکردگی کی وجہ سے پریشان ہیں؟ یا غریبوں کی تعداد میں 18 ملین افراد کے اضافے سے پریشان ہیں؟ بختاور زرداری نے مزید سوال کرتے ہوئے لکھا کہ کیا وزیراعظم کشمیر کے نقصان سے پریشان ہیں؟ یا اعترافی مجرم احسان اللہ احسان کے فرار سے پریشان ہیں؟ انہوں نے طنزیہ انداز میں خود ہی جواب دیتے ہوئے لکھا کہ نہیں وزیراعظم مستقل مہنگائی کے خلاف اپنے مؤقف اور بڑھتی غربت سے پریشان ہیں۔ بختاور زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اسٹرونگ مین نیب نے بلاول زرداری کو پھر بلالیا ہے، وہی نیب جو عدلیہ اور منتخب نمائندوں سے بالاتر ہے۔بختاور زرداری نے آخر میں سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ اصل مجرم، بھگوڑے، کرپٹ افراد کو کب قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، یعنی عمران خان، ان کی بہن، پوری کابینہ اور مفرور پرویز مشرف۔