کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ گوادر (بلوچستان) کے قریب تربت روڈ سے منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈزنے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزیدسخت کرنے کے احکامات جاری کیئے۔
گذشتہ رات موبائل گشت کے دوران کلانچ تربت روڈ کے مقام پر ایک مشکوک نقل و حرکت کا تعاقب کیا گیا۔موبائل گشت کودیکھ کر ملزمان رات کے اندھیرے اور پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔مشکوک پہاڑی علاقے کی تلاشی کے دوران 82 کلو گرام اعلی کوالٹی کی ہیروئن برآمد کرلی گئی ہے۔
خدشہ ہے کہ یہ منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 2,273.04 ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔ برآمد شدہ منشیات کو تحویل میں لیکرمزیدتفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔پاکستان کوسٹ گارڈز ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر تی رہے گی۔