لاڑکانہ، ٹریفک حادثات میں خاتون جاں بحق، تین افراد زخمی

179

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ اور گردونواح میں دو ٹریفک حادثات میں خاتون جاں بحق اور تین افراد زخمی، زخمیوں کی حالت تشویش ناک۔ لاڑکانہ رتوڈیرو روڈ پر تیز رفتار ٹرک اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں جیکب آباد کی رہائشی خاتون کوثر مغیری شدید زخمی ہوئیں، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرا ہوگیا، خاتون چانڈکا اسپتال میں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ دوسری جانب دھامراہ کے قریب ویگو گاڑی اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں رتوڈیرو کے رہائشی دو نوجوان عبدالوہاب اور شہمیر جاگیرانی شدید زخمی ہوئے، حادثے کے بعد ویگو ڈرائیور فرار ہوگیا۔ زخمیوں کو چانڈکا اسپتال میں طبی امداد دی گئیا ڈاکٹروں کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ قبل ازیں متوفی خاتون کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی گئی۔ لاڑکانہ شہر کے نظر محلے کے رہائشی کباڑی دکاندار حاجن کوریجو نے پولیس ہیڈ کانسٹیبل ربنواز منگی اور ان کے کاروباری حصہ دار شاہنواز میرانی کیخلاف ورثا کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر حاجن کوریجو نے بتایا کہ مئی 2019ء کے دوران میں نے سچل تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل ربنواز منگی کو کباڑ کے کاروبار کے سلسلے میں سات لاکھ روپے نقد جبکہ 63 ہزار روپے مزید بھی کاروبار کے لیے دیے جو تاحال مجھے نہیں ملے ہیں۔ متعدد بار ڈی آئی جی، ایس ایس پی اور دیگر پولیس افسران کو شکایتیں کرچکا تاہم گزشتہ ماہ ایس ایس پی نے تحقیقات کے احکامات جاری کیے، تحقیقات میں پیسے ثابت ہونے پر سات فروری پر ہیڈ کانسٹیبل ربنواز منگی اور شاہنواز میرانی پر مقدمہ درج ہوا تاہم وہ اس بات پر ناراض ہوکر مجھ سمیت میرے گھر والوں کو جان لیوا دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہیڈ کانسٹیبل اور اس کے کاروباری حصہ دار کیخلاف کارروائی کرکے تحفظ فراہم کیا جائے۔