مشرف کابینہ کے آدھے وزیر موجودہ حکومت کا حصہ ہیں‘ راشد نسیم

528
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ ملک اس وقت جن مسائل کی دلدل میں دھنسا ہواہے ، اس کے اصل مجرم وہ حکمران ہیں جو پارٹیاں بدل کر اقتدار پر قابض ہوتے رہے ۔ موجودہ حکومت بھی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ سمیت سابقہ حکمران پارٹیوں کے لوگوں کو جمع کر کے بنائی گئی ہے ۔ مشرف کابینہ کے آدھے وزیر موجودہ کابینہ میں بیٹھے ہیں ۔ جب تک قرآن و سنت کے احکامات پر عمل کرنے والی دیانتدار قیادت حکومت میں نہیں آتی ، ملکی مسائل حل نہیں ہوسکتے خلافت کا نظام ہی ہمارے مسائل حل کر سکتاہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ راشد نسیم نے کہاکہ ملک پر 70 سال سے ایک ہی طبقہ کے لوگ مسلط ہیں ۔ عالمی استعمار کے غلام اور دولت کے پجاری ان حکمرانوں نے ملک و قو م کو طرح طرح کے مسائل اور مشکلات کا اسیر بنا دیاہے ۔ مہنگائی ، بے روزگاری اور تعلیم و صحت کے مسائل نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں ۔ موجودہ حکمرانوں نے غریب سے کھانے کا آخری نوالہ بھی چھین لیاہے ۔عوام کے اندر حکومت کے خلاف سخت بے چینی اور غم و غصہ پایا جارہاہے ۔ نوجوانوں سے روزگار کا وعدہ کر کے انہیں مایوسی کے اندھیروں میں دھکیلا جارہاہے اور اب تک لاکھوں لوگوں سے روزگار چھین لیا گیاہے ۔ راشد نسیم نے کہاکہ اسلامی نظام ہی ملک و ملت کے مسائل کے حل کا ضامن ہے ۔ جب تک خوف خدا رکھنے والی دیانتدار قیادت برسراقتدار نہیں آتی ، مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے رہیں گے ۔