نیب سمیت تمام ادارے آزاد ہیں‘عدلیہ کا ہرفیصلہ تسلیم کریں گے‘ پرویز خٹک

200

نوشہرہ (صباح نیوز) وزیر دفاع اور مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ (ق)لیگ سے (آج)پیر کو لاہور میں مذاکرات ہوں گے،ایم کیو ایم، بی این پی مینگل،گرینڈ ڈیموکر یٹک الائنس سمیت تمام اتحادیوں سے بامعنی مذاکرات ہوچکے ہیں،تمام کے تحفظات دور کردیے گئے ہیں ، اتحادیوں کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں، بعض لوگ میڈیا کے ذریعے بے پرکیاں اڑا رہے ہیں، اپوزیشن کے ساتھ بھی رابطے ہیں،قانون سازی کے حوالے سے باہمی مشاورت سے آگے بڑھ رہے ہیں،کسی ڈیل پر یقین نہیں رکھتے،عدلیہ، قومی احتساب بیور و سمیت تمام ادارے آزاد ہیں ،عدالت جو بھی فیصلہ کریں گی اس کو من وعن تسلیم کریں گے،ان ہاؤس تبدیلی آئے گی نہ حکومت کو کچھ ہوگا ،ایسی افواہیں پھیلانے والوں کو منہ کی کھانی پڑیں گی،تمام لیگی رہنماؤں کی جلد ضمانتیں ہونے کی خبریں خواجہ آصف کو پتا نہیں کہا ں سے ملتی ہیں۔اتوار کو نوشہرہ میںایک تقریب سے خطاب خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں بعض عناصر کو افواہیں پھیلانے سے کیا ملتا ہے، نہ اتحادی کہیں جارہے ہیں ہے اور نہ اپوزیشن کے ساتھ کوئی دوری ہے، افوائیں بہت جلد دم توڑ دیں گی، مسلم لیگ( ق) کی قیادت سے اب ہمارے فیصلہ کن مذاکرات ہورہے ہیں، ایم کیو ایم،بی این پی مینگل،گرینڈ ڈیموکر یٹک الائنس سمیت تمام اتحادیوں کے ساتھ بامعنی مذاکرات ہوچکے ہیں اور ان کے تمام تحفظات دور کردیے گئے ہیں ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ آج لاہو ر میں اہم ملاقات ہو گی، چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی سے مل کر اہم فیصلے ہوں گے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ قومی احتساب بیوروں اور اعلیٰ عدلیہ سمیت تمام ادارے آزاد ہیں ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ احتساب کے قانون میں ترمیم سمیت تمام قوانین کے حوالے سے اپوزیشن کے ساتھ رابطے میں ہے اور اپوزیشن کی تجاویز کو زیر غور لائیں گے۔ملک کی موجود صورتحال اور سرحدوں کے حالات کے پیش نظر اس وقت قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط زیادہ دیر تک نہیں رہ سکیں گا ،بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی خود اپنے جال میں پھنس چکے ہیں، شہریت کے متنازع قانون اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک سے بھارت بھر میں تمام اقلیتیں یکجا ہیں، نریندر مودی نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہوجائے گا ۔