کراچی( اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے پاکستان کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر نے ادارہ نور حق کراچی میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں قومی و بین الاقوامی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج ا لحق نے کہاکہ حکومت کی غلط پالیسیوں نے عوام کو نان شبینہ کا محتاج بنادیا ہے ۔ حکومت کو ووٹ اور سپورٹ دینے والے سب پریشان ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت مساجد اور مدارس کا کنٹرول چاہتی ہے مگر حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ مساجد اور مدارس کی طرف بری نیت سے ہاتھ بڑھانے والوں کو ہمیشہ ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملکی مسائل کا اسلامی انقلاب کے علاوہ دوسرا کوئی حل نہیں ۔