ڈرامے، تماشے اور جھوٹ سے تبدیلی نہیں صرف تباہی آسکتی ہے،مریم اورنگزیب

530

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے ڈرامے، تماشے اور جھوٹ سے تبدیلی نہیں صرف تباہی آسکتی ہے ۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے آٹے چینی سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کے دوستوں کی چوری نے جہانگیر ترین کو امیر ترین اور ملک کو مہنگا اور غریب ترین کر دیا، 16 ماہ کا حساب دیا جائے کہ جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی ملوں کو کتنا نفع پہنچا اور ملک کا کتنا نقصان ہوا۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ عمران صاحب اپنی ذات اور تکبر سے بالاتر ہو کر عوام کا سوچنا اور گھر جانا ہو گا، ڈرامے، تماشے اور جھوٹ سے تبدیلی نہیں صرف تباہی آسکتی ہے اور وہ عمران خان لے آئے ہیں، عمران خان چینی اور آٹا چور مافیا کو ساتھ بٹھا کر عوام کی جیب کاٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے منہ سے نوالا چھین کر اور دوستوں کو ریلیف دے کر 2018 کے انتخابات اور بنی گالہ کا خرچہ پورا کیا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب عوام کو ریلیف دینا ہے تو جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی ملوں سے کتنی چینی برآمد ہوئی تلاشی لیں، 24 گھنٹے گزر گئے لیکن اب تک جہانگیرترین اور خسرو بختیار کی ملوں کی تلاشی نہیں لی۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب نااہل ترین، نالائق ترین اور کرپٹ ترین ٹولے کی وجہ سے 16 ماہ میں ملک مہنگا اور غریب ترین ہو گیا ہے۔

ترجمان (ن) لیگ نے مزید کہا کہ آٹا اور چینی کا بحران ختم اور قیمت کم کرنے کے لئے جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو تلاشی دینا پڑے گی، عمران خان استعفٰی دے کر ہی قوم کو فوری ریلیف دے سکتے ہیں، قوم کو ریلیف اب ان کے گھر جانے سے ہی مل سکتا ہے۔