رانا ثناء اللہ کی تینوں درخواستیں مسترد ، فرد جرم عاید کیلیے 7 مارچ کو طلب

222

لاہور (نمائندہ جسارت) انسداد منشیات کی عدالت نے وڈیو فراہم کرنے سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء و رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کی تینوں درخواستیں مسترد کر دیں۔(ن)لیگی رہنماء نے وڈیو فراہم کرنے، روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت اور گاڑی واپس کرنے کی درخواستیں دائر کی تھیں۔عدالت نے کیس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی اور فرد جرم عاید کرنے کے لیے انہیں آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ اے این ایف نے رانا ثناء اللہ کو یکم جولائی کو منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ راناثنا ء اللہ کا موقف ہے کہ ان کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا جبکہ منشیات برآمدگی کے ثبوت بھی عدالت میں پیش نہیں کیے گئے۔ اے این ایف حکام کے مطابق رانا ثنا ء اللہ کی گاڑی سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی اوران کیخلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔اے این ایف ذرائع کے مطابق منشیات کے اسمگلر نے تفتیش میں (ن )لیگی رہنما کا نام لیا تھا۔اے این ایف کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے ضمنی چالان کے مطابق رانا ثناء اللہ کیخلاف سی این ایس اے 1997ء کی دفعات 9 سی، 15 اور 17 کے تحت کیس درج کیا گیا ۔