ملتان(جسارت نیوز)ملتان میں شائقین کرکٹ پر پی ایس ایل کا جنون سوار ہے اسی لئے کرکٹ کے دیوانوں نے پی ایس ایل کے 3 میچز کے تمام ٹکٹس خرید لیے جس کی وجہ سے کرکٹ کے میدان میں شائقین کا جذبہ بھی دیدنی ہو گا۔انضمام الحق کے شہر ملتان میں 26، 28 اور 29 فروری کو پی ایس ایل کے 3 اہم میچز کھیلے جائیں گے جن میں ملتان سلطان کی ٹیم پشاور، کراچی اور کوئٹہ کی ٹیموں سے ٹکرائے گی، اسی لئے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کیلئے شائقین کرکٹ نے مختلف کٹیگریز کے تمام ٹکٹس خرید لیے ہیں۔مزید ٹکٹس نہ ہونے پر کرکٹ کے دیوانوں نے اپنے عزیز و اقارب کو بڑی اسکرینوں پر میچز دیکھنے کے مشورے دینا شروع کر دیئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے شائقین کرکٹ نے بھی پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی کامیابی کیلئے دعاوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس پر ٹیم کے مالک علی خان ترین کا کہنا ہے کہ ٹیم کمبی نیش بہترین ہے جس سے کھیل کا شاندار آغاز ہونے پر ملتان سلطان کی ٹیم تمام میچز جیتے گی۔کرکٹ اسٹیڈیم میں 35 ہزار شائقین کرکٹ کے بیٹھنے کا بندوبست کیا گیا ہے جس کی سکیورٹی کیلئے بھی پولیس نے خصوصی ہدایات تشکیل دے دی ہیں۔