کوٹری (نمائندہ جسارت) دادو کے بااثر شخص کی زیادتیوں کیخلاف میاں بیوی کا احتجاج، اہل خانہ کو بلیک میل کرکے دھوکے سے نکاح کرنے اور پولیس پر جانبداری کا الزام، شادی کرنے پر جانی ومالی نقصان کا خدشہ ہے، متاثرہ لڑکی کا انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ۔ دادو کی رہائشی 21 سالہ مسمات صائمہ برہمانی نے موجودہ شوہر سرور برہمانی کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ اسے دادو کے بااثر امانت خشک نامی شخص نے اہل خانہ کو بلیک میل کرکے اس سے زبردستی شادی کرنے کی کوشش کی اور میرے انکار پر زبردستی مجھے اٹھا کر اپنے گھر میں قید کردیا، جہاں اسے بتایا گیا کہ اس کا نکاح ہوچکا ہے جس کی اسے کوئی خبر نہیں کہ نکاح کس طرح اور کس نے پڑھایا ہے، جب میں نے ساتھ رہنے سے انکار کیا تو امانت نے جان سے مارنے کی دھمکی دی جس پر وہ موقع دیکھ کر فرار ہوگئی۔ متاثرہ لڑکی نے مزید بتایا کہ امانت پہلے سے شادی شدہ اور 8 بچوں کا باپ ہے اور اب وہ میرے اہل خانہ اور مجھے جھوٹے مقدمات میں پھنسانے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے جبکہ مقامی پولیس بھی بااثر شخص کیخلاف قانونی کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ متاثرہ لڑکی نے کہا کہ اس نے حیدر آباد میں اپنی پسند اور رضا مندی سے سرور برہمانی سے شادی کرلی ہے۔ بااثر شخص امانت خشک سے جانی ومالی نقصان کا خدشہ لاحق ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی حیدرآباد سے فوری نوٹس لیتے ہوئے بااثر شخص کیخلاف قانونی کارروائی اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔