کراچی ایم کیوایم کا نہیں تحریک انصاف کا شہر ہے، اسد عمر

98

کراچی (نمائندہ جسارت ) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی ایم کیوایم کا نہیں بلکہ تحریک انصاف کا شہر ہے، حکومت نے ایم کیوایم کو نہیں کراچی کو ترقیاتی پیکج دیا، ایم کیوایم پیپلزپارٹی کے ساتھ گئی تو باقی ووٹ بھی پی ٹی آئی کو ملیں گے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کے700 ارب کے ترقیاتی بجٹ کو مکمل استعمال کرنے کا کہا ہے۔ترقیاتی بجٹ میں اب تک 449 ارب جاری کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2021ء سے 2023ء تک نیشنل گروتھ اسٹریٹجی بنانے جا رہے ہیں۔ ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ انتہائی کمزورہے۔ 6 ماہ میں منصوبوں کی مانیٹرنگ کا عمل بڑھا دیں گے۔ نیشنل اکنامک کونسل کی کمیٹی بنانے کی تجویز زیرغور ہے۔انہوں نے کہا کہ شرح ترقی بڑھانے کیلیے3 سالہ ترقیاتی پروگرام بنا رہے ہیں۔جس کے لیے نجی شعبے کی شراکت دار کو خصوصی اہمیت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پلاننگ کمیشن کا نیا پلان بنا رہے ہیں۔ پلاننگ کمشین کا پلان ری وائٹلائزیشن اسٹریٹجی کے تحت بنایا جائے گا۔ 2020ء میں گوادر ایکسپومنعقد کیا جائیگا۔ سی پیک پرسائنس وٹیکنالوجی کا جوائنٹ ورکنگ گروپ بنا رہے ہیں۔ سی پیک میں تھرڈ پارٹی کی شمولیت کیلیے فریم ورک بنایا جائیگا۔اسد عمر نے کہا کہ کراچی کیلیے پیکج دیا ہے۔ ایم کیوایم کو پیکج نہیں دیا، کراچی اب ایم کیوایم کا نہیں بلکہ تحریک انصاف کا شہر ہے، کراچی کی عوام نے تحریک انصاف کو سب سے زیادہ ووٹ دیے۔ بلاول زرداری نے ایم کیوایم کو وزارتیں دینے کا نعرہ سیاسی لگایا تھا۔ ایم کیوایم اگر پیپلزپارٹی کے ساتھ چلی گئی تو ایم کیوایم کے باقی ووٹ بھی تحریک انصاف کو مل جائیں گے۔